غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 3 شہداء اور 16 زخمیوں کو غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
وزارت نے اپنی روزانہ کی شماریاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو سیز فائر کے اعلان کے بعد سے اب تک شہید ہونے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 854 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی کل تعداد 2,453 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران ملبے تلے سے نکالے گئے شہداء کی تعداد 770 ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی اس سفاکانہ جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 72,740 اور زخمیوں کی تعداد 172,555 ہو چکی ہے۔
وزارت صحت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اب بھی متاثرین کی ایک بڑی تعداد ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہے، جہاں ایمبولینس اور شہری دفاع کے عملے کے لیے اب تک پہنچنا ممکن نہیں ہو سکا ہے اور غاصب دشمن کی رکاوٹوں کے باعث ان کی رسائی میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔