خان یونس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس کے مقام مواصی قابض اسرائیلی افواج کے حملے کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مقامی نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیل کے طیاروں نے مغربی خان یونس میں الاقصیٰ یونیورسٹی کے قریب شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں محمد عبدالمالک ابو شہلہ نامی شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
سول ڈیفنس نے بتایا کہ ان کا عملہ الاقصیٰ یونیورسٹی کے قریب ارض البصل کے مقام پر ہونے والے اس حملے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گیا۔
گذشتہ روز منگل کو بھی مقامی ذرائع نے بتایا تھا کہ قابض اسرائیل کے طیاروں نے مواصی خان یونس میں سفید رنگ کی ٹوسان جیپ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں یحییٰ فائز ابو لبدہ، احسان حامد السمیری اور تامر برکہ شہید جبکہ 14 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
گذشتہ 10 اکتوبر سے قابض اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی کے مختلف حصوں میں فضائی و توپ خانے کی بمباری اور فائرنگ کے ذریعے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں سے متعلق روزانہ کی شماریاتی رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت میں کل 674 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 200 بچے، 81 خواتین اور 21 معمر افراد شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1799 سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس کے ساتھ ہی سات اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری نسل کشی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 72,249 سے زائد جبکہ زخمیوں کی تعداد 171,898 ہو گئی ہے۔