(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے روحی مشتھی اور سیکیورٹی کے ذمہ دار سمیح السراج اور ایک وزیر سامی عودح کو تین ماہ قبل شہید کردیاتھا۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ایک فضائی حملے میں غزہ کے عملاً وزیراعظم روحی مشتھی اپنے دو وزرا سمیت مارے گئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں غزہ میں ایک سرنگ کو نشانہ بنایا جس میں یہ حماس حکومت کے اہم عہدیداران موجود تھے۔
صیہونی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ درست ترین انٹیلی جنس رپورٹ تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک مضبوط اور اسلحہ سے لیس زیر زمین کمپاؤنڈ میں قائم کمانڈ اور کنٹرول سینٹر میں یہ تینوں موجود ہیں۔
اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے روحی مشتھی غزہ کے عملاً وزیراعظم اور حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کے نہایت قابل اعتماد ساتھی بھی تھے اور دونوں نے اسرائیلی جیل میں کڑی قید بھی ساتھ کاٹی تھی۔ روحی مشتھی حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے طور پر بھی سرگرم تھے۔