(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ میں روس کے نائب سفیر نے کہا ہے کہ دمشق پر اسرائیلی فضائیہ کے حملے ناقابل قبول ہیں ان واقعات کے پیش نظر شام میں انسانی صورت حال بدستور تشویشناک ہوتی جا رہی ہے اور امن و امان کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں روس کے نائب سفیر پولیانسکی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ 10 جون کو دمشق کے ہوائی اڈے پر کئے گئے اسرائیلی فضائی حملے ناقابل قبول ہیں اور ان حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اسماعیل ہنیہ کا صہیونی دھمکیوں کے باوجود دورہ روس کا فیصلہ
انہوں نے مزید کہا کہ دمشق کے ہوائی اڈے پر غاصب اسرائیلی حملوں نے اقوام متحدہ کی فضائی خدمات سمیت مختلف پروازوں کو روک دیا ہے۔
پولیانسکی نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے اقدامات غیر قانونی اور ناقابل قبول ہیں اور ان اقدامات سے شامی شہریوں کو سنگین نتائج کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اقوام متحدہ میں روس کے نائب نمائندے نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ شام میں خوراک اور ایندھن کے بحران کا ذمہ دار ریاست ہائے متحدہ امریکہ ہے اور یہ صورتحال واشنگٹن کی یکطرفہ اور غیر قانونی پابندیوں کی وجہ سے ہے۔