(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین پرقابض صیہونی فوج کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں ، اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی انتظامی حراست کی پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینی قیدی کی بھوک ہڑتال کو 101 روز مکمل ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی جیلوں میں انتظامی حراست کے خلاف قید متعدد فلسطینی قیدیوں میں سے 4 قیدیوں نے اس غیر قانونی اور غیر انسانی پالیسی کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں بیت المقدس کے نواحی علاقے ابو دیس سے تعلق رکھنے والے اسماعیل علی کی بھوک ہڑتال کے 101 ویں روز میں داخل ہوگئی ہے ۔
تین دیگر فلسطینی بھی انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔دیگر اسیران میں احمد زھران 39 دن سے، مصعب الھندی 37 دن اور ھبہ اللبدی بھی 37 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔صہیونی حکام نے بھوک ہڑتال اسیران پر سختیاں مزید بڑھا دی ہیں۔