مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کی ملٹری انٹیلی جنس ادارے ’’امان‘‘ کے ایک سینیر عہدیدار نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیلی فوج کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے امتحان میں کامیاب رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام شہروں میں اسرائیلی فوج کے چھاپے اور فلسطینی ملیشیا کی چھاپہ مار کارروائیاں خود فلسطینی اتھارٹی کے اپنے مفاد میں ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوجی افسر یونی بن مناحیم نے کہا کہ غرب اردن میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف اسرائیلی فوج اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان رابطہ کاری موجود ہے۔ رام اللہ اور دیگر شہروں میں فلسطینی اتھارٹی کی پولیس اور اسرائیلی فوج مل کر چھاپہ مار کارروائیاں کررہی ہے۔
اسرائیلی انٹیلی جنس عہدیدار نے فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے ایک مضمون بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران چھاپہ مار کارروائیوں اور مشترکہ سرچ آپریشن میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس ادارہشاباک غرب اردن میں حماس کے کئی مسلح مزاحمت کاروں کو گرفتارکرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔