مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ تل ابیب اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے تاہم فلسطینیوں کے ساتھ سیاسی امور میں کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لاطینی امریکا، ایشیا اور افریقی ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے موقع پر نیتن یاھو نےکہا کہصیہونی ریاست کا عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کا دائرہ مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت اچھا کہ ہم عرب دنیا کے قریب ہو رہےہیں تاہم فلسطینیوں کے ساتھ امن عمل بدستور جمود کا شکار ہے۔
نیتن یاھو نے کہا کہ عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام پر غور کررہے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ عرب ممالک کو ٹیکنالوجی، جدت پانی، بجلی اور طب کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے اور اسرائیل ان شعبوں میں عرب ممالک کی مدد کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے ساتھ تعلقات اس اعتبار سے بھی اہم ہیں کیونکہ اس کے نتیجے میں فلسطینیوں کے ساتھ امن عمل میں جمود توڑنے میں مدد ملے گی۔