(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی قانون ساز مجلس کے رکن اور سرگرم فلسطینی رہنما احمد عطون نے کہا ہے کہ عالم اسلام کا اندرونی انتشار بیت المقدس پر صیہونی ریاست کی گرفت کو مضبوط اور اسرائیلی سازشوں کا موجب بن رہا ہے۔
احمد عطون نے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ حالات مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیانے کے منصوبے کوآگے بڑھانے کے لیے اسرائیلی ریاست کے لیے معاون اور مددگار ثابت ہو رہےہیں ، مقبوضہ بیت المقدس کی عوام بدترین حالات کا سامنا کررہے ہیں اس کے باوجود صیہونی ریاست کی سازشوں کا مقابلہ کرنے میں بیت المقدس کی عوام پیش پیش ہیں اور دفاع قبلہ اول کی جنگ کا ہراول دستہ ہیں جو صیہونیوں کی ہر سازشوں کا پا مردی کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔
القدس سے بے دخل کیے گئے فلسطینی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بالعموم پورا عالم اسلام بالخصوص فلسطینی قوم القدس کو یہودیانے کی صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا القدس اور مسجد اقصیٰ مسلم امہ کا فخر نہیں؟ کہ اس کے لیے ہم آج تک کوئی موثر کوشش اور حکمت عملی وضع نہیں کرسکے۔