(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی نیوی نے غزہ کے سمندر میں اسرائیل کی جانب سے مقررکردہ سمندری حدود میں مچھلی کے شکار میں مصروف 14 فلسطینی ماہی گیروں کو گرفتارکرلیا۔
غزہ کے ماہی گیر وں کی کمیٹی کے سربراہ دیاب ابو سیمیر نے مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا ہے کہ صیہونی نیوی کی جانب سے غزہ کے ماہی گیروں پر بلا جواز فائرنگ کی گئی جس کے نیتجے میں دو کشتیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ صیہونی نیوی نے 4 نوعمر بچوں سمیت غزہ کے 14 ماہی گیروں کو گرفتارکرلیا ہے ۔
غزہ کے ماہی گیروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق صیہونی فوج نے ماہی گیروں کو بلا جواز گرفتار کیا ہے، ماہی گیر اسرائیلی حکام کی جانب سے مقررکردہ 3 ناٹیکل مائل کی حدود میں رہتے ہوئے مچھلیوں کا شکار کررہے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے غزہ کے ماہی گیروں کیلئےکھلے سمندر میں 13 ناٹیکل مائل کی حدود میں رہتے ہوئےمچھلیوں کے شکار کی اجازت تھی جس کو بعد میں کم کرکے سات ناٹیکل مائل کیا گیا اور اب تین ناٹیکل مائل کردیا گیا ہے ۔