(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے فلسطینی باشندے کو اپنا مکان خود مسمار کرنے کے احکامات دیتےہوئے انکار کی صورت میں مکان کو گرانے پر آنے والے تمام اخراجات کی ادائیگی کرنے کا حکم دیا ہےجس کی مالیت لاکھوں شیکل بتائی جارہی ہے اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں طویل قید کاٹنے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے کے علاقے جبل المکبر کے رہائشی فلسطینی باشندے علی جعا بیص نے میڈیا کو بتایا کہ اس پر مکان کی مسماری کیلئے گزشتہ ہفتوں سے دباؤ ڈالا جارہا تھا اور آج صبح قابض فوج کی بھاری نفری نے اسرائیلی بلدیہ کے اہلکاروں کے ہمراہ میرے مکان کامحاصرہ کیا اور حکم دیا کہ اگر اسی وقت مکان کی مسمار ی شروع نہ کی گئی تو اسرائیلی بلدیہ اس کو گرائے گی اور اس پر آنے والے تمام اخراجات مجھے ادا کرنے ہوں گے جو کہ لاکھوں شیکل بن رہے ہیں اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں طویل وقت اسرائیل عقوبت خانوں میں گزارنا پڑے گا ۔
انھوں نے بتایا کہ پورے گھر کو گرانے کیلئے صیہونی حکام نے صرف ایک دن کا وقت دیا ہے اور اس دوران کوئی بھائی مشینری بھی استعمال نہیں کی جاسکتی ۔
خیال رہے کہ کسی فلسطینی شہری سے اس کا مکان اس کے اپنے ہاتھوں مسمار کرانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ آئے روز اس طرح کے ریاستی جبر کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری نہ صرف اپنے گھروں سے محروم ہو رہے ہیں بلکہ انہیں اپنے ہی ہاتھوں اپنے گھروں کو مسمار کرنا پڑ رہا ہے۔