مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ریڈیوں نے غزہ کی پٹی کے محاذ پر فوج کی مسلسل ناکامیوں کا اعتراف کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ کی سرحد پر فوج کو پے درپے شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جنرل کمان کے زیرانتظام تفتیشی ٹیم کے دو ارکان رات کے وقت اپنی گاڑی کے ساتھ کامیابی سے بغیر کسی چیک اپ کے ایک کیمپ میں داخل ہوئے اور بغیراجازت وہاں گھوم پھر کرواپس آئے۔ اس واقعے نے اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی کے دعوے کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیم آزادانہ انداز میں کیمپ میں داخل ہوئی اور آپریشنل کنٹرول روم تک جا پہنچی۔ حتیٰ کہ ٹیم کے دو ارکان نے ایک فوجی سے اس کی بندوق بھی اس سے لی تاہم بعد ازاں بندوق گم ہونے کے شبے میں بریگیڈ کمانڈر نے کیمپ کا گیٹ بند کروا دیا۔
ریڈیو نے اس واقعے کو ’’ خطرناک ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد کیمپ کے فوجی افسروں اور اہلکاروں کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔