(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین پر قابض اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک ڈرون طیارے کو اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
جمعرات کو اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ فوج نےجنوبی غزہ کی پٹی میں غزہ سے اسرائیل کو علیحدہ کرنے والی حفاظتی باڑ کے قریب ایک ڈرون طیارے کو اسرائیل میں داخل ہوتے ہوئے اس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ گرکر تباہ ہوگیا۔
اسرائیل کے دفاع اور فوجی حلقوں نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے ڈرون ٹیکنالوجی کے حصول اور اس کے آزادانہ استعمال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کو اسرائیل کی سلامتی کیلئے خطرناک قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فلسطین کی مزاحمتی تحریک کی جانب سے ڈرون طیاروں کا استعمال کیا جاچکا ہے ، اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس ڈویژن "امان” کے ریسرچ بریگیڈ کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ جنگی مشقوں ڈرون طیارے استعمال کرتی ہے۔