(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین پر قابض ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر غیر انسانی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی حکام کی جانب سے انتظامی قید کی غیر قانونی پالیسی کے تحت اسرائیلی زندانوں میں فلسطینی قیدیو ں کی بھوک ہڑتال جاری ہے جبکہ ایک دوشیزہ سمیت 6 فلسطینی قیدیوں کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ انتظامی قید کی غیر قانونی پالیسی کے تحت قید سیکڑوں فلسطینیوں میں سے طویل ترین بھوک ہڑتال کرنے کے باعث ایک فلسطینی دوشیزہ سمیت چھ اسیروں کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے ۔
بہ طور احتجاج طویل بھوک ہڑتال کرنےوالوں میں مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل کے رہائشی 42 سالہ احمد عبدل کریم ہیں جو مسلسل 98 دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مشرقی بیت المقدس کے علاقے ابو دیس کےرہائشی 30 سالہ اسماعیل علی88 دن سے بھوک ہڑتال پرہیں۔اس کے علاوہ ، جینن کے جنوب میں واقع قصبہ عربا سے تعلق رکھنے والے طارق القعدان مسلسل 81 دن سے ہڑتال پر ہیں۔نابلس کے گاؤں تل کے رہنے والے 28 سالہ مصعب توفیق الہندی مسلسل 25 دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔اردن سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ ھبہ اللبدی نے مسلسل 26 دن سے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔قیدی احمد زہران نے مسلسل 22 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے۔
طویل ترین بھوک ہڑتال کے باعث ان فلسطینی قیدیوں کی حالت تشویشناک حد تک خراب ہوگئی ہے تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے انھیں رہا کرنے کے احکامات موصول نہیں ہوئے ہیں ۔