(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے فلسطینی اسیر کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کے گھر کو مسمار کرنے کیلئے پورے گھر کی پیمائش کی گئی تاکہ انہدام کا عمل شروع کیا جاسکے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ کے نواحی قصبے کوبر کے رہائشی اور 26 اگست سے اسرائیل فوج کی قید میں پابند سلاسل قاسم شبلی کے گھر صیہونی فوج نے آج صبح چھاپہ مارا اور پورے گھر کا معائنہ کرنے کے بعد گھر کی پیمائش کی جس کامقصد یہ ہے کہ صیہونی حکام نے اس گھر کو گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ صیہونی حکام کی جانب سے جس فلسطینی کے گھر کی پیمائش کی جاتی ہے اس کو آئندہ چند روز میں کسی بھی وقت گرادیا جاتا ہے اور جواز کوئی بھی پیش کردیا جاتا ہے ۔
قاسم شبلی کو اسرائیلی فوج نے 23 اگست 2019ء کو ‘دولیب’ یہودی کالونی میں ایک مزاحمتی حملے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ اس حملے میں ایک یہودی آبادکار خاتون ریناف شنراف ہلاک اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے اس کارروائی میں ملوث چار فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا تعلق عوامی محاذ برائے آزاد فلسطین سے بتایا جاتا ہے۔