(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج نے بدھ کے روز مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے اوربیت المقدس کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران خاتون سمیت پانچ فلسطینیوں کوگرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک فلسطینی خاتون حباال لبدی کوالکرمہ کراسنگ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اردن سے گھرواپس جارہی تھیں، مقبوضہ بیت المقدس میں شفاعت پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے رات گئے چھاپے کے دوران محمد مطاریہ سمیت چار فلسطینیوں کو گرفتارکیا، صیہونی فوج کی کارروائی کے باعث اسرائیلی قابضین اورفلسطینی مقامی لوگوں کےدرمیان جھڑپ ہوئی، مشتعل مظاہرین نے قابض فوج کے خلاف نعرے بازی کی اور صیہونی فوج پرپتھراؤ کیا۔
اسرائیلی فوج نے مشتعل افرادکو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اوراسٹن گرینیڈ زکااستعمال کیا جس سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی افواج نے مقبوضہ بیت المقدس کےشہر نابلس کے شمالی علاقے سبسطية پردھاوا بولاجس کا مقصد صیہونی آباد کاروں کو شہر میں آثار قدیمہ والے مقامات تک رسائی دینا تھی ۔اسرائیلی فورسز نے سہل البتوف میں درجنوں زرعی علاقے کے مالکان کو اپنی جائداداور زرعی اراضی پر موجود املاک کو مسمار کرنے کے احکامات بھی صادر کئے جبکہ بعض کسانوں کو بغیرجرم کے خطیررقم کے جرمانہ بھی کئے۔