(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس نے محمود عباس کی جانب سے غزہ میں فیلڈ اسپتال اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی مخالفت کر کے محمود عباس نے قوم کے ساتھ اپنی منافقت کا کھلا ثبوت پیش کیا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے ظلم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمود عباس غزہ میں تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرکے اپنے گروہی اور پارٹی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، انہیں فلسطینی قوم بالخصوص غزہ کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر محمود عباس غزہ کے عوام کی مشکلات کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی مخالفت کر کے محمود عباس نے قوم کے ساتھ اپنی منافقت کا کھلا ثبوت پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں صدر عباس نے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں امریکی اسپتال کے قیام، بندرگاہ میں مصنوعی جزیرے اور ہوائی اڈے کے قیام کے منصوبوں کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔