(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیراعظم نے یہودی بستیوں کی حمایت میں امریکی وزیرخارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی موقف سے بین الاقوامی قوانین تبدیل نہیں ہوسکتے امریکا عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے ۔
فلسطینی وزير اعظم محمد اشتیہ نے امریکی وزیرخارجہ مائک پمپئو کی جانب سے غرب اردن میں یہود ی بستیوں کی تعمیر کی حمایت میں جاری ہونے والے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیر عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہے ہیں امریکی موقف سے بین الاقوامی قوانین میں تبدیلی نہیں ہوسکتی ہے ۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے چند روز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ مقبوضہ غرب اردن میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف نہیں سمجھتا ، امریکا کی جانب سے اس بیان پر اقوام متحدہ سمیت مختلف ممالک جن میں جرمنی اور برطانیہ بھی شامل ہیں انھوں نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو عالمی قوانین کے خلاف قرار دیا تھا ۔