(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ پر اسرائیلی فوج کی دہشتگردی کے نتیجےمیں السوارکہ خاندان کا ایک اور زخمی جام شہادت نوش کرگیا ، ایک ہی خاندان کے شہداء کی تعداد 9 ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے گذشتہ ہفتے غزہ پر اسرائیلی دہشتگردانہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت السوار کہ خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے تھے ، اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے السوار کہ خاندان کے 40 سالہ محمد سلامہ سوارکہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد شہداء کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ 11 افراد ابھی بھی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں ۔
فلسطینی خاندان کے اجتماعی قتل عام کا یہ وحشیانہ واقعہ 14 نومبر 2019ء کو رات 12 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا۔ اسرائیلی فوج نے السوارکہ خاندان کے مکان پر 4 میزائل داغے۔ دیر البلح میں واقع یہ مکان 45 سالہ رسمی سالم عودہ السوارکہ اور اس کے بھائی محمد سوارکہ کا تھا۔میزائلوں کے حملے میں رسمی سوارکہ، اس کی اہلیہ اور تین بچے شہید جب کہ محمد سوارکہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ ان کی اہلیہ اس جارحیت میں شہید ہوگئی تھیں۔ بمباری کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے جن میں 11بچے اور خواتین شامل ہیں۔