(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیراعظم نے سوڈان کی خود مختار کونسل کی جانب سے اپنے ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔
اسرائیلی معروف عبرانی اخبار’معاریو’نے اپنے رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے کہا ہے کہ اب اسرائیل کو سوڈان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی پوری آزادی حاصل ہے، اسرائیل کی فضائی کمپنیوں نے سوڈان کی فضائی حدود کو استعمال کرنا شروع کردیا ہے
نیتن یاھونے سوڈان کی خود مختار کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان کا اسرائیل کو اپنے ملک کی فضائی حدودکے استعمال کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قابض ریاست اسرائیل کو سوڈان نے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت کبھی نہیں دی تھی ، یہ پیشرفت حال ہی میں سوڈان کی خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان کی یوگنڈا میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ ملاقات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔