(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب لیگ نے عالمی عدالت انصاف کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہےکہ جنگی جرائم کی تحقیقات کا اعلان اہم پیشرفت ہے۔
عرب لیگ کے صدر دفتر قاہرہ سے جاری ایک بیان میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط کے معاون خصوصی برائے فلسطین سعید ابو علی نے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا اعلان اہم پیشرفت ہے ، عرب لیگ عالمی عدالت انصاف کے اعلان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس کا بھرپور خیر مقدم کرتی ہے
یاد رہے کہ دو روز قبل عالمی فوج داری عدالت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کی تیاری کررہی ہے۔
عالمی عدالت کی خاتون پراسیکیوٹر کے اعلان پر فلسطینی حلقوں کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا گیا ہے جبکہ اسرائیل نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوے کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے پاس فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات کا مینڈیٹ نہیں۔