(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) لبنان علماء کونسل نے اسرائیل کو کینسر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس کو فوری طور پر نہیں نکالا گیا تو یہ پوری امت مسلمہ کو تباہ کردیگا ۔
بیروت میں علماء کونسل کے اجلاس میں لبنان میں علماء کونسل کے جید علماء کرام نے قابض صہیونی ریاست کو عالم اسلام کے جسم میں کینسر قراردیتے ہوئےکہاہے کہ مسلم امہ اپنے اندر ایک نسل پرست صہیونی ریاست کا وجود کسی صورت میں گوارا نہیں کرسکتی اور نہ ہی اسرائیل مسلم امہ کا حصہ بن سکتا ہے۔
علماء نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی خواہشات رکھنے اور خفیہ تعلقات رکھنے والے بعض عرب ممالک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی کی باتیں کرنے والے فلسطینی قوم کے حقوق کی نفی، قضیہ فلسطین سے انحراف اور امریکا کے سازشی منصوبے صدی کی ڈیل کو آگے بڑھانے میں مدد دے رہے ہیں۔
کونسل کا کہنا تھ اکہ اگر قابض صیہونی ریاست کو مسلم امہ کے جسم سے نکال باہر نہ کیا گیا تو پوری امہ کو تباہ کردے گا۔علماء نے کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران یہ واضح ہوگیا ہے کہ صہیونیوں کے حامیوں اور عالم اسلام کے خیر خواہوں میں بہت فاصلے ہیں۔ لبنانی علماء نے مسلم امہ اور تمام عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کی مادی اور معنوی مدد یقینی بنائیں تاکہ فلسطینی اپنے حقوق کی جنگ زیادہ موثر طریقے سے لڑ سکیں۔