(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کو بار بار غزہ پر قبضہ کرنے اور جنوبی لبنان میں داخل ہوکرحزب اللہ کے خلاف جنگ شروع کرنے کا مطالبہ کرنے کے بعد بیزلیل سموٹریچ نےمقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے میں غزہ جیسی تباہی پھیلانے کی بات کی ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے شدت پسند وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے عالمی سطح پر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کے ساتھ ساتھ سخت ترین تنقید کے باوجود سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں روایتی بے شرمی کا مظاہرہ کرتےہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے خلاف مسلسل حملے کئے جارہے ہیں ، اسرائیلی فوج کو مغربی کنارے کا بھی وہی حال کرنا چاہئے جو غزہ کا کیا ہے۔انتہا پسند وزیر نے اسرائیلی افواج پر زور دیا کہ وہ مغربی کنارے میں بھی غزہ کی پٹی جیسی فوجی کارروائی کرے۔
انھوں نے یہ بیان مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے قریب "بیت حیفرغیر قانونی صیہونی ” بستی پر فائرنگ کے واقع کے فوراً بعد کہا کہ "مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کو دہشت گردوں کا اسی طرح مقابلہ کرنا چاہیے جس طرح غزہ میں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں انہیں (فلسطینیوں کو) وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے جو انہوں نے 7 اکتوبر کو غزہ کی سرحد کے قریب کیا تھا”۔
غزہ میں جاری اسرائیلی وحشیانہ بمباری اور نسل کشی کے حوالے سے انہوں نے مزید کہاکہ "دہشت گرد جہاں بھی ہوں انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے چاہے ہمیں طولکرم کو غزہ جیسے انجام سے دوچار کیوں نہ کرنا پڑے‘‘۔
انہوں نےکہا کہ "مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج پر حملے اس بات کا ثبوت ہے کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست اسرائیل کے لیے ایک وجودی خطرہ بنے گی”۔