(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے عرب ممالک اور مسلم اقوام کے آزاد ضمیر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے جنگ میں حصہ لیں اور غزہ کی حمایت جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر تمام مسلمان متحد ہو کر فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہوں تو غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کو اپنی جارحیت روکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر جمعرات کو ایک پیغام میں ابو عبیدہ نے یمن کے موقف کی تعریف کی اور کہا کہ "یمن کے عوام نے غزہ کے لوگوں کی براہ راست حمایت کی اور اپنے موقف کی بھاری قیمت ادا کی، لیکن وہ اپنے اصولوں پر قائم ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "یمن کے میزائلوں نے غزہ کے میزائلوں کو تل ابیب کے آسمان سے جوڑ کر یہ ثابت کیا ہے کہ غزہ تنہا نہیں ہے۔”
ابو عبیدہ کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب القسام بریگیڈز نے تل ابیب پر راکٹوں سے بمباری کی، جس کا مقصد غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف سے غزہ میں شہریوں کے خلاف جاری قتل عام کا جواب دینا تھا۔
غزہ پر صیہونی دہشتگردی تیسرے روز بھی جاری ہے جس میں شہادتوں کی تعداد 710 ہو گئی ہے، جبکہ 900 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔