(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فوج کے اس اقدام کے نتیجے میں فلسطینی خاندان بے گھر ہو کر کھلے آسمان کے نیچے آگیا ہے جبکہ حالیہ دنوں میں دیگر علاقوں کی طرح مقبوضہ فلسطین میں بھی شدید سردی اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارےمیں صہیونی فوج نے طوباس قصبے کے مشرق میں واقع العقبہ میں ایک فلسطینی خاندان کا گھر مسمار کر دیا ، فلسطینی باشندے ابراہیم طالب کا یہ گھر ابھی تعمیرات کے مراحل میں تھااور کافی حد تک مکمل ہو چکا تھا۔
صہیونی فوج کے ہاتھوں مسمار ہونے والے فلسطینی کے گھر کے حوالے سے مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی قابض فوجیوں نے مکان کو بغیر اجازت اور ناجائز تجاوز قرار دیتے ہوئے بغیر کسی نوٹس کے منہدم کر دیا اور ان کےبھائی کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ ان کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس سمیت مغربی کنارے میں پھیلی ہوئی 256 غیر قانونی بستیوں اور چوکیوں میں تقریباً 700,000 اسرائیلی آباد کار مقیم ہیں اور یہ تمام بستیاں بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی قرار دی جا چکی ہیں۔