(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں پر آنسو گیس کے شیل پھینکے اور ربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں چلائیں اور القبلی نماز خانہ کو فلسطینیوں پر بند کردیا۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں کی سرپرستی میں صہیونی غیر قانونی آبادکاروں نے مسجد الاقصیٰ میں داخل ہو کر باب السباط کے قریب پہنچ کر یہودی تعلیمات کے مطابق تلمودی رسومات ادا کیں اور مسجد میں موجود فلسطینی نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، قابض اسرائیلی فوج نے وہاں پر موجود دو خواتین نفیسہ خویص اور رایدہ سعید کوبھی حراست میں لے لیاجس پرفلسطینی نوجوانوں کی جانب سے بھی صیہونیوں پر پتھراؤ کیاگیا۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کے شیل پھینکے اورربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں چلائیں اس کے ساتھ ساتھ القبلی نماز کے مقام کو فلسطینیوں پر بند کر دیا اور مزاحمت کےالزام میں مسجد الاقصیٰ کے صحن سےمزید 6 فلسطینی نوجوانوں کو بھی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے مظالم جاری ہیں اور قابض فوج صہیونی آبادکاروں کو فلسطینیوں کو زخمی کر نے یا ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔