(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی اسپیشل فورس نے مزاحمت کاروں کی گاڑی پر 100 سے زائد گولیاں برسائیں، جب تک تینوں فلسطینیوں کی شہادت کا یقین نہیں ہوگیا اس وقت تک فائرنگ کا وحشیانہ عمل جاری رہا۔
فلسطینی ذرائع کےمطابق گذشتہ روز غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کے خصوصی دستے نے دہشت گردی اور بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں تین فلسطینیوں نائف ابو صویس، خلیل ابو نعسہ اور براء کرامہ کو گولیاں مار کر شہید کردیا، تینوں فلسطینیوں کو ایک گاڑی میں گولیاں ماری گئیں۔
صیہونی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ خصوصی فورسز نے ’’جنین پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے ایک اسکواڈ کو ناکام بنا دیا ہےجو اسرائیلی فوج پر حملہ کرنے کی تیاری کررہا تھا‘‘۔اسرائیلی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے خلاف فوجی کارروائیوں اورغزہ میں دہشت گردوں (مزاحمت کاروں) کی ہدایت پر فوجی سرگرمیوں میں ملوّث عسکریت پسند اسکواڈ کا سربراہ اپنے دو ساتھیوں سمیت مارا گیا ہے۔