(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ “معصوم فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ کے ساتھ بین الاقوامی قانون کے تحت مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کو یقینی بنائے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کےمطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ اور مسلمان روزے دوروں پر قابض صہیونی فوج کے مسلسل دھاوؤں کے خلاف شیدید الفاظ میں مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ عبادت گزاروں پر خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں اسرائیلی جارحیت تمام انسانی اصولوں اور انسانی حقوق کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہےجس پر عالمی عدالت ایکشن لے۔
بیان میں قبلہ اول کی بے حرمتی اور بے گناہ فلسطینیوں پر تشدد میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے حالیہ ہفتوں میں مقبوضہ مشرقی یروشلم اور دیگر علاقوں میں درجنوں فلسطینیوں کو ہلاک اور لاتعداد فلسطینیوں کو زخمی کیا اس کے باوجود مغربی طاقتیں خاموش ہیں جو ایک المیہ ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ “معصوم فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسئلہ فلسطین کا پر امن حل تلاش کرے۔