(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ہرطرح سے مدد جاری رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزقومی اسمبلی میں بھارت کے خلاف ایک متفقہ قرار داد کی منظوری دی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی نام نہاد حدبندی کمیشن کے ذریعے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارت کی حالیہ کوشش کی مذمت کی گئی ہے۔
ایوان میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے 6 اگست 2019 کے اقدامات کو ایک بار پھر مسترد کرتےہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، بھارتی حکومت یکطرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تبدیل نہیں کرسکتی، مقبوضہ کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ہرطرح سے مدد جاری رکھے گی۔