(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکہ کو ایران کے خلاف اقدمات کےلئے مجبور کردیا ہے ، امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے مشترکہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کےمطابق امریکی صدر جوبائیڈن غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل پہنچ گئے ہیں اور آج وہ صیہونی وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات کریں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیڈن اور صیہونی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں اہم اور اولین ترجیح ایران کو جوہری طاقت سے باز رکھنا ہے ، جبکہ ایران کیخلاف دونوں ممالک کے مشترکہ موقف کے اعلان کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتے ہیں، امریکی صدر
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم یائر لاپیڈ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے مشترکہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔یہ معاہدہ اسرائیل اور امریکا کے درمیان طویل مدتی سیکیورٹی تعلقات کو بڑھائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل پہنچنے پر امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے انضمام کو مزید فروغ دے گا،اسرائیل سے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن کل مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے، امریکی صدر جوبائیڈن مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے پر گزشتہ روز اسرائیل پہنچے تھے۔