(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ ہماری اس کانفرنس کا مقصد فلسطین کے لئے انصاف کی بات کرنا اور القدس کی بازیابی کی جدوجہد جاری رکھنا ہے، ہمیں جس سطح پر بھی ہو مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز اٹھانا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام گذشتہ روز منعقدہ القدس مرکز و محور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز سے اراکین پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ، آغا علی حیدر،رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی، ،جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ ، نائب سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ احمد اقبال رضوی، بیرسٹر عامر رہنما پیپلز پارٹی ،فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم ,سربراہ منہاج القرآن ڈاکٹر محمد حسین آزاد، ملی یکجہتی کونسل کے جاوید قصوری سمیت صحافی مرتضیٰ ڈار ،مفتی جاوید نوری عظیم بھٹ ،سید شہزاد روشن گیلانی اور پاکستان میں مقیم فلسطینی طلباءنے کہا ہے کہ رمضان المباک کے آخری جمہ کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس منایا جائے گا اور عوام یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں
کانفرنس میں شریک سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے مسجد اقصیٰ کی صہیونی فورسز کی جانب سے مسلسل توہین اور فلسطینیوں پر جاری بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ قبلہ اول کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور اسرائیل عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی مانند ہےجس کے خلاف سراپا احتجاج رہیں گے اورالقدس کی بازیابی تک جدوجہدجاری رہے گی۔
مقریرین نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بھی کہا کہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو امریکی سرپرستی حاصل ہے اورہم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کرتے ہیں جبکہ عرب دنیا کے حکمرانوں کو چاہئیے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی پشت پناہی کریں اور اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقا ت کے معاملہ پر نظر ثانی کریں انہوں نے عرب حکمرانوں کی جانب سے پاکستان کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے دباؤ کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام کسی بھی ایسے اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد فلسطین کیلئے انصاف کی بات کرنا ہے اگر آپ کسی مظلوم کے حق میں بات نہیں کرسکتے تو اس کے خلاف غلط پروپیگنڈا نہ کر یں فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا اسرائیل قابض ریاست ہے فلسطین پر سمجھوتا کرنے کا مقصد کشمیر پر سمجھوتا کرناہے۔
کانفرنس میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم فلسطینی مسلمانوں کا درد محسوس نہیں کرسکتے تو ہم رسولِﷺ کی حدیث کی رو سے مسلمان بھی نہیں ہیں جنہیں ایک جسد واحد کہا گیا ہے،ان کا کہناتھا کہ ہم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گےقائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین کی حمایت میں فلسطین ڈے کا اعلان کیا تھااور وہ فلسطین کی مقاومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے جبکہ قائد اعظم نے پاکستان بننے کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں کہا تھاکہ ہم کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے مذید کہا کہ وہ اسرائیل جو کہ ناقابل شکست ہونے غرور سجائے دنیا پر رعب ڈالتا تھا جس کے پیچھے دنیا کی تمام طاقتیں موجود تھیں اسی اسرائیل کو حزب اللہ نے 33 دن کی لڑائی میں ایسی شکست دی کہ اسرائیل نے اعتراف کیا کہ حزب اللہ نے اسرائیل کا کوئی شہر ایسا نہیں چھوڑا جہاں حملہ نا ہوا ہو۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نےبھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گااور پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ عرب دنیا کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات فلسطین اور مسلم امہ کے ساتھ خیانت ہے، ہم فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط کے خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ امریکہ فلسطین اور کشمیرمیں جاری ظلم و بربریت کا ذمہ دار ہے، کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشتگردی اورفلسطین میں صہیونی مظالم امریکی سرپرستی کا شاخسانہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اس کانفرنس کا مقصد فلسطین کے لئے انصاف کی بات کرنا ہے اور القدس کی بازیابی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ ہمیں جس سطح پر بھی ہو مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز اٹھا نا ہے اور ناجائز ریاست اسرئیل کی بربریت کو دنیا کے سامنے آشکار کرتے رہنا ہے۔