(روزنامہ قدس۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 9سالہ فلسطینی بچے عبدالرحمان اشتیوی کو اسرائیلی فوج کی جانب سے گولیوں کا نشانہ بنائے جانے کا معاملہ،اقوام متحدہ نے اسرائیل سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملوث مجرمان کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمیشن کی جانب سے صہیونی ریاست سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ 9 سالہ فلسطینی بچےعبدالرحمان اشتیوی کو وحشیانہ طریقے سے گولیاں مار کر شدید زخمی کرنے کے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرائے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
گزشتہ روز اس سنگین واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق رابرٹ کولفیل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے 100 میٹر دور سے فلسطینی بچے کو گولیاں ماریں حالانکہ اس بچے سے اسرائیلی فوج کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے غرب اردن میں کچھ روز قبل ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران 9 سالہ فلسطینی بچے عبدالرحمان شتیوی کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا تھا۔