(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)ایرانی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم میں امریکی حکومت صیہونی ریاست کو مذموم مقاصد میں تعاون کررہی ہے ،امریکہ کی ایما پر اسرائیلی فلسطین کے علاقوں پر مسلسل قبضہ اور غیر قانونی یہودی بستیاں تعمیر کرنےمیں مصروف ہے ۔
ایرانی وزیر خارجہ ؎جواد ظریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے وزرائے خارجہ کی فلسطین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ امریکا کی موجودہ حکومت فلسطینی میں اسرائیلی جرائم کی سرپرستی کررہی ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم میں برابر کی شریک ہے ۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت فلسطینی علاقوں میں مسلسل قبضہ کرنے میں مصروف ہے اور چاہتی ہے کہ عالمی برادری مسئلہ فلسطین کو فراموش کردے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت اس مہم میں صیہونی حکومت کا ساتھ دے رہی ہے ۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور غاصب صیہونی حکومت اسی کے ساتھ مغربی ایشیا کے ملکوں کے درمیان کشیدگی اور دشمنی پیدا کرنے کی سازشی کوششوں میں بھی مصروف ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی اس سازش کا مقصد، مظلوم فلسطینی عوام کی مشکلات و مسائل اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانا ہے۔وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو نظرانداز کرتے ہوئے، امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کےٹرمپ حکومت کے اقدام نے ، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ راہ حل تک پہنچنے کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔انھوں نے اپنے خطاب میں سینچری ڈیل کے بارے میں کہا کہ فلسطینی عوام نے اس سازشی منصوبے کو متفقہ طور پر مسترد کرد یا ہے ۔انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق نیز بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے، پیش کیا جانے والا ہر فارمولا ذلت آمیز شکست سے دوچار ہوگا