(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تنظیم تحریک ‘فتح نے مسجد اقصیٰ پر شرپسند یہودی آبادکاروں کے حکومتی سرپرستی میں ہونے والے دھاوؤں پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام قبلہ اول کے ساتھ اپنا ربط مزید مضبوط بنائیں
گزشتہ روز تحریک فتح کے ترجمان اسامہ القواسمی نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصی میں جو کچھ ہورہا ہے وہ دنیا میں ہر فلسطینی اور مسلمان کے خلاف اسرائیل کی کھلی دہشت گردی اور اعلیٰ درجے کی مذہبی جارحیت ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں خاص طور پرمسجد اقصیٰ میں ایک نئے اسٹیٹس کوکے لیے خرافات اور من گھڑت کہانیاں تیار کی جا رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ اسرائیل کی کھلم کھلا مذہبی دہشت گردی کا شکار ہو رہی ہے۔القواسمی نے فلسطینی عوام اور القدس کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول کے ساتھ اپنا ربط نہ صرف قائم رکھیں بلکہ اسے مزید مضبوط بنائیں۔ تحریک فتح کے ترجمان کا کہنا تھا کہ القدس میں موجود مقدس مقامات کےدفاع کے لیے مسلمان اورعیسائی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔