(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی اور بربریت جاری، متعدد فلسطینیوں کو سفری دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود بیرون ملک سفر سے جبری روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی پولیس کا کہنا ہے کہ کاغذات اور سفری دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود اسرائیلی حکام نے ’الکرامہ‘ گذرگاہ سے اردن داخل ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ ان میں سے بعض شہریوں کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں سفر سے کیوں روکا گیا ہے، تمام فلسطینیوں کو غرب اردن کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ ’الکرامہ‘ پر روک دیاگیا ۔
گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ’الکرامہ‘ گذرگاہ سے 25434 بیرون ملک سے فلسطین آئے جب کہ 29866 فلسطینیوں نے بیرون ملک سفر کیا تاہم گذشتہ ہفتے کے دوران صہیونی حکام نے 25 فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا ، روکے گئے مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ مسافروں میں سے کسی کا بھی کوئی سیاسی ، حریت پسند پس منظر نہیں ہے اس کے باوجود نام نہاد سیکیورٹی کے نام پر مسافروں کو ملک سے باہر جانے سے روکا گیا ہے۔
گذشتہ ہفتے الکرامہ گذرگاہ سے 56 ہزار فلسطینیوں کی آمد ورفت ہوئی, اس دوران صہیونی فوجیوں نے متعدد مشتبہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ قابض فوج نے 157 فلسطینیوں کو جرائم میں ملوث ہونے کی پاداش میں حراست میں لے لیا۔
فلسطینی شہریوں اورانسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام کی جانب سے شہریوں کے بیرون ملک سفر پر عاید پابندیاں انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہیں اور اسرائیلی انتظامیہ فلسطینیوں کو بلیک میل کرنے اوراُنہیں خوف زدہ کرنے کے لیے ان پر سفری پابندیا ں عائد کی جارہی ہیں