(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین جرنلسٹ یونین نے مختلف عرب ممالک کے چھ صحافیوں کے متوقع دورہ اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض قوتوں کا یک طرفہ نقطہ نظر سننا صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی اور صحافت جیسے مقدس پیشے کے ساتھ بد دیانتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین صحافیوں کی نمائندہ تنظیم نے اہم اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا کہ تمام فلسطینی صحافی عرب ممالک کے دورہ اسرائیل کو شدید مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عرب ممالک کی اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوئی بھی کوشش اس وقت تک قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھی جائے گی جب تک فلسطینی غاصب اسرائیلی ریاست سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ عرب ممالک کے صحافیوں کا ممکنہ دورہ اسرائیل صہیونی ریاست کی جانب سے یہ طرفہ پروپیگنڈہ وار کا حصہ ہے اور عرب ممالک کے صحافی نادانستگی میں اس کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو فلسطین کاز کی صریحا نفی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صہیونی میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ رواں ہفتے 6 اہم عرب ممالک کے صحافی اسرائیلی وزیر خارجہ کی دعوت پر اسرائیل کا دورہ کریں گے اور اسرائیلی ریاست کے مہمان بنیں گے۔
ان ممالک میں سعودی عرب،بحرین،عراق ،متحدہ عرب امارات کے نام شامل ہیں۔