(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران طالبہ سمیت 20 فلسطینیوں کواغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بیت المقدس اور مغربی کنارے سے 20 مطلوب فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جو صیہونی فوج کے خلاف دہشتگردانہ کاررائیوں میں ملوث تھے جبکہ بعض مستقبل میں اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔
صیہونی فوج کے ہاتھوں اغواء کیئے جانے والوں میں الخلیل شہر کے علاقے یطا اور صوریف سے تعلق رکھنے والے پانچ فلسطینیوں کو شامل ہیں ان پانچوں کو گھروں کی تلاشی کے دوران اغواء کیا گیا ۔
مقبوضہ بیت لحم کے پناہ گزین کیمپ عزہ سے دو فلسطینی نوجوان حسین مسلمہ اور سلیمان العجوز کو انکے گھروں کی تلاشی لینے کے بعد اغواء کیا ، بیت لحم ہی کے علاقے الخضر قصبے میں گھروں پر چھاپہ مارا لیکن کوئی بھی شخص گرفتار نہیں ہوا تاہم یہاں بھی صیہونی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مارکی ۔
جنین کے جنوب میں یعبد قصبے میں سات شہریوں کو انکے گھروں سے اغوا کیا گیا۔مقبوضہ بیت المقدس میں بیرزت یونیورسٹی میں میڈیا کی طالبعلم ایک نوجوان لڑکی میس ابو غوش کو اغواء کیا ، مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے العیسویہ اور الرام پر دھاوا بولا دو فلسطینیوں کو انکے گھروں سے گرفتار کر لیا۔