(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبے تولین پر فضائی حملہ کر کے ایک معصوم بچے کو شہید اور اس کے والد کو شدید زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب صہیونی ڈرون نے ایک رہائشی مکان اور وہاں کھڑی ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا۔
لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے میں ایک کم سن بچہ موقع پر ہی شہید ہو گیا اور اس کا والد شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ جارحیت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب لبنانی حکومت کا اجلاس منعقد ہو رہا تھا جس میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے امریکی مطالبے پر غور کیا جا رہا تھا۔ اس کے جواب میں، حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور امریکی منصوبے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
نعیم قاسم نے واضح کیا کہ حزب اللہ کسی بھی نئے معاہدے پر اس وقت تک رضامند نہیں ہوگی جب تک پرانے معاہدوں پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قابض اسرائیل نے وسیع پیمانے پر جنگ کا آغاز کیا تو مزاحمت، فوج اور عوام مل کر دفاع کریں گے اور دشمن کی سکیورٹی ایک گھنٹے میں زمین بوس ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو اپنے عوام اور مزاحمت کو کمزور کرنے کے بجائے ان کی طاقت سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور کسی بیرونی دباؤ پر ہتھیار نہیں ڈالنے چاہییں۔