(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ پر جاری جنگ کے نتیجے میں سفاک فوج کے اہلکار بڑی تعداد میں ذہنی دباؤ، بے چینی اور صدمے کی کیفیت میں مبتلا ہوگئے ہیں، جس کے باعث فوجی نفسیاتی کلینکس میں مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
غاصب اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق فوج کے یونٹ برائے نفسیاتی صحت کے سربراہ نے اعتراف کیا ہے کہ صرف ریزرو فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے علاج کے لیے رجوع کرنے کی شرح میں ایک ہزار فیصد کا ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل جنگی دباؤ، مایوس کن میدان جنگ کی صورت حال اور روز افزوں جانی نقصان نےظالم فوجیوں کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا ہے۔ اس سے قبل بھی صہیونی اخبار یدیعوت آحرونوت اور چینل تیرہ نے خبردار کیا تھا کہ جابر فوج کے کئی اہلکار جنگی صدمے کے بعد ذہنی بیماری جیسی علامات کا شکار ہورہے ہیں اور کلینکس میں اتنا رش ہے کہ طبی عملہ ضرورت پوری کرنے سے قاصر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال قابض فوج کے اندر گہرے نفسیاتی بحران کی علامت ہے۔