(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) صہیونی حکومت کے سابق سیکیورٹی عہدیداروں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ نتن یاہو کو غزہ جنگ ختم کرنے پر مجبور کریں۔
روسیا الیوم کے مطابق اس مہم میں موساد، شین بیت اور قابض فوج کے سابق سربراہان پیش پیش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موساد کے سابق سربراہ تامیر پاردو، شاباک کے سابق سربراہ عامی ایالون اور سابق آرمی چیف ماتان فیلنائی کی طرف سے صدر ٹرمپ کو خط لکھا گیا ہے۔
سابق سیکیورٹی سربراہان نے صہیونی عوام کو خبردار کیا ہے کہ نتن یاہو ملک کو ایک عظیم شکست کی طرف لے جا رہے ہیں۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں موساد، شین بیت، سفاک و غاصب فوج اور پولیس کے سابق سربراہان شامل ہیں جن میں ناداو آرگامان، یورام کوہن، موشے یالون، افرایم ہالیوی، دن ہالوتز، آموس ملکا، دنی یاتوم، اور ایهود باراک جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر صہیونی سیکیورٹی اداروں کے سابق سربراہان نے اجتماعی طور پر جنگی جرائم کے مُرتکب وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف کھل کر مؤقف اختیار کیا ہے۔