(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں کے نیتجے میں غزہ سرحد کے قریب رہائش پزیر یہودی آبادکارنفیساتی امراض میں مبتلاہونے لگے ہیں جس کی بحالی کیلئے حکومت نے خطیر رقم مختص کی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل ’12’ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے بدھ کی شام غزہ کےاطراف کی یہودی بستیوں کے لیے 20 ملین شیکل کی رقم مختص کی، یہ رقم یہودی آبادکاروں کی نفسیاتی بحالی پر صرف کی جائے گی چینل نے اس اقدام کو فلسطینی مزاحمت کاروں اور قابض فوج کے مابین بڑھتے ہوئے حملوں کا نتیجہ قرار دیا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے قریب یہودی کالونیوں میں آباد کیے گئے یہودیوں کی طرف سے عدم تحفظ کی شکایت عام ہے۔ یہودی آباد کاروں کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے بڑھتے میزائل اور راکٹ حملوں کے خوف سے وہ نفسیاتی مسائل سے دوچار ہیں اور سخت خوف میں زندگی جی رہے ہیں۔گذشتہ جمعہ کی صبح سویرے اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں مختلف مقامات پر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔