(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کے تواترکے ساتھ حملوں کے پیش نظر مسجد اقصیٰ کےخطیب الشیخ محمد حسین نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی نماز ایک گھنٹہ موخرکر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مفتی اعظم فلسطین اور خطیب مسجد الاقصیٰ الشیخ محمد حسین نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر حملوں سے روکنے کے لیے مسجد اقصیٰ میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں نماز میں شرکت کریں ۔
پہلے عید کی نماز مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھے بجے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول میں داخلے سے روکنےکےلیےنماز ساڑھے سات بجے ادا کی جائے گی۔
مفتی اعظم فلسطین ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو اپنے مقدس مقامات کا خود دفاع کرنا ہوگا۔ ہمیں مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کے ہاتھوں پامال کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
ادھر فلسطینی سپریم اسلامی کمیٹی، اسلامی اوقاف اور دارالافتاء کی طرف سے جاری ایک مشترکہ بیان میں بیت المقدس کی تمام مساجد کے آئمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ عید کے دن مسجدیں بند رکھیں اور عیدالاضحیٰ کی نماز مسجد اقصیٰ میں ادا کریں۔