(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) یونیسکو نے ثقافتی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے والے اداروں اور ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ قدیم بیت المقدس میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے معاونت فراہم کریں۔
اقوام متحدہ کے زیرانتظام ادارہ برائے سائنس وثقافت "یونیسکو” نے پیرس میں منعقدہ 40 ویں سالانہ کانفرنس میں بیت المقدس میں ثقافتی سرگرمیوں کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں بیت المقدس کی پرانی دیواروں تاریخی بیت المقدس کے خلاف اسرائیلی ریاست کےثقافت دشمن اقدامات کی مذمت کی اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس کے تاریخی اور ثقافتی تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔
اجلاس میں بیت المقدس کے حوالے سے جنیوا 4 معاہدے پرعمل درآمد کرنے اور القدس کے تاریخی اور تہذیبی تشخص کے تحفظ پر زور دیا گیا۔خیال رہے کہ یونیسکو نے 1981ء کو بیت المقدس کو عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا تھا۔ یونیسکو القدس کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص کے دفاع اور اس کے تحفظ کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔