مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے صدر رئوف ریفلین نے بدھ کے روز ’’لیکوڈ‘‘ پارٹی کے سربراہ اور موجودہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو 28 روز میں نئی کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیتن یاھو کی زیر قیادت لیکوڈ پارٹی نے 9 اپریل کو کنیسٹ کے انتخابات میں 120 کےایوان میں 36 سیٹیں حاصل کی تھیں جب کہ گرین وائیٹ اتحاد نے 35 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اسرائیلی صدر نے سوموار کےروز مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت شروع کی تھی۔
اسرائیلی قانون کے تحت پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کو 28 روز میں حکومت کی تشکیل کی دعوت دی جاتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر حکومت کی تشکیل کے لیے دی جانے والی مہلت میں دو ہفتوں کی توسیع کی جاسکتی ہے۔
موجودہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور دائیں بازو کی شدت پسند مذہبی جماعتیں مل کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ لیکوڈ پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں 65ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔