(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزارت برائے اوقاف اور مذہبی امور فلسطین نے صیہونی ریاست کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ اور مقدس مقامات کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے ، فلسطینیوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کے سنگین نتائج ہوں گے ۔
وزارت اوقاف اور مذہبی امور کی جانب سے جاری ایک بیان میں صیہونی ریاست اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ "مسجد اقصیٰ” پر دہشتگرد یہودی آباد کاروں کے دھاوے اور مقدس مقام کی بار بار بندش ناقابل قبول اور اسرائیل کی کھلی مذہبی جارحیت ہے جس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
"مسجد اقصیٰ کی حیلوں اور جھوٹے بہانوں سے بار بار بندش کا مقصد مقدس مقام پر اپنی اجارہ داری قائم کرنا مسلمان اہل ایمان کو مقدس مقام پر عبادت سے روکنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صہیونی ریاست مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کو حق عبادت سے محروم کرنے کی منظم پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "قابض حکومت” کے طرز عمل، اس کے نام نہاد فوجی اور سیکیورٹی اداروں کے اقدامات اور اس کی پالیسیوں سے "مسجد اقصی” اور اس سے ملحقہ مقدس مقامات کے خلاف مذموم عزائم کی کھلی عکاسی ہوتی ہے۔
"وزارت اوقاف” نے انسانی حقوق کے اداروں اور ان سے وابستہ افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی روکنے اور فلسطینیوں کے عبادت کے حق پر اسرائیلی ریاست کا ڈاکہ ڈالنے کے جرائم کا نوٹس لیں۔
خیال رہے کہ جمعرات کو اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے تمام دروازے بند کردیئے تھے اور فلسطینی نمازیوں کو دروازے کھولنے اور اندر داخل ہونے سے روک دیا تھا 2003ء کے بعد سےاسرائیلی پولیس نے جمعہ اور ہفتہ کے علاوہ ہفتے کے تمام دنوں میں آباد کاروں کو مسجد اقصی میں داخل ہونے کی اجازت دی رکھی ہے۔