(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )مسلح قابض یہودی آباد کاروں کے نہتے فلسطینی شہریوں پر حملے جاری،رام اللہ میں 3 فلسطینی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناکر شدید زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مظلوم فلسطینی شہری قابض صیہونی ریاست کی جانب سے دو طرفہ عذاب سہہ رہے ہیں،جہاں ایک طرف انکو قابض اسرائیلی فوجی کی بدمعاشی اور تشدد کا سامنا ہے وہیں غیر قانونی طور پر فلسطینی زمین پر قابض یہودی آباد کار بھی فلسطینی شہریوں کو کسی بھی طرح زک پہنچانے سے باز نہیں آتے۔گزشتہ روز بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا جب مسلح یہودی آباد کاروں نے تین نہتے فلسطینی شہریوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رام اللہ شہر کے نبی صالح نامی گاؤں میں پیش آیا۔
فلسطینی سماجی کارکن بلال ال تہیمی کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے یہودی آباد کاروں کا تعلق حالامش نامی یہودی آباد کار علاقے سے تھا،جو کہ فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کر کے تعمیر کیا گیا تھا ۔انکا کہنا تھا کہ حملہ آور بڑی تعداد میں تھے اور وہ ایک دم فلسطینی شہریوں پر پل پڑے۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انکی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔