(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک ٹی وی چینل کے ہیڈ کواٹر، فلسطینی محکمہ تعلیم کے دفتر اور ایک مسجد کو چھ ماہ کیلئے سیل کردیا.
تفصیلات کے مطابق قابض فوج نے گذشتہ روز پرانے بیت المقدس میں فلسطینی نیوز چینل القدس کے دفتر پر دھاوا بولا عمارت میں گھس کر توڑپھوڑ کے بعد اس کے کمپیوٹر اور دیگر ریکارڈ قبضے میں لے لیا، اسرائیلی حکام نے چینل کی ایک نامہ نگار کریسٹین ریناوی کو بھی پوچھ گچھ کےلیے حراستی مرکز میں طلب کیا ہے۔
عینی شاہدین نے تبایا کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج، پولیس اور انٹیلی جنس حکام پرمشتمل بھاری نفری نے پرانے بیت المقدس میں فلسطینی محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ آفس پر چھاپہ مارا اور دفتر میں موجود ملازمین کو زدو کوب کرنے کے بعد اسے سیل کردیا جبکہ دوسری جانب صیہونی پولیس ، فوج اور خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں نے بیت المقدس کے پرانے شہر میں تاریخی الرصاصی مسجد کو بھی چھ ماہ کیلئے سیل کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ فلسطینی محکمہ تعلیم کے مرکز میں یتیم بچوں کا ایک اسکول اور متعدد دیگر اداروے شامل ہیں جو فلسطینیوں کے فلاح کیلئے کام کرتے ہیں ، صیہونی فوج نے ان اداروں سے کمپیوٹراور دیگر آلات بھی قبضے میں لے لیے۔