(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی گئی جس کا مقصد صیہونی ریاست کو پیغام دینا تھا کہ فلسطینی تنہانہیں ہیں۔
گزشتہ روز ‘یوتھ گروپ فار یو’ کلب برئے اسیران، خواتین کمیٹی اور دیگر فلسطینی سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے تعاون سےفلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں یحییٰ عیاش چوک پر صیہونی زندانوں میں قید فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ‘اسیران آزادی کی شمع’ کے عنوان سے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ۔
اس موقع پرفلسطینی شہریوں نے صیہونی زندانوں میں قید اپنے پیاروں کی تصاویر اور ان کی حمایت میں مطالبات پرمبنی بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے جس پر صیہونی ریاست کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی تنہانہیں ہیں۔