(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات رکھنے والے ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صیہونی زندانوں میں قید فلسطینی قیدیوں اور صیہونی جیل حکام کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
گزشتہ روز صیہونی زندانوں میں قید فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کیلئے صیہونی جیل حکام نے جیل میں لگےجیمرزجو کینسر کا باعث بن رہے ہیں کو ہٹانے اور انتظامی قید میں توسیع نا کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
دونوں فریقین کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت صیہونی جیل حکام جیلوں میں لگے جیمرز کی تعداد کو کم کریں گے جبکہ فلسطینی قیدیوں کو دوبارہ ان کے بیرکوں میں بھیجا جائیگا جہاں سے ان کو نئی جیل میں منتقل کیا گیا تھا اس کے ساتھ ساتھ انتظامی قید میں غیر معینہ مدت کی توسیع کو بھی ختم کیا جائیگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی قیدی جیل میں ایک ہفتے میں 5 دن جیل حکام کو دیئے گئے ٹیلی فون نمبرز پر 10 سے 40 منٹ کے دورانیہ کی ٹیلی فون کال بھی کرسکیں گے ۔
واضح رہے کہ انتظامی قید اور جیل میں جیمرز ڈیوائسز کی تنصیب کے خلاف بہ طور حتجاج شروع ہونے والی بھوک ہڑتال میں اب تک 150 سے زائد فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔