(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی ریاست کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کیلئے بنائے گئے الرملہ اسپتال میں اس وقت 12 فلسطینی انتہائی تشویشناک حالت میں داخل ہیں جہاں ان کے علاج کے بجائے درد کش ادویات دی جارہی ہیں ، صیہونی ریاست کے مجرمانہ اقدامات کے باعث اسپتال میں داخل 12 فلسطینی قیدیوں کی زندگی خطرے سے دوچار ہے اور لمحہ بہ لمحہ موت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صیہونی ریاست دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ، فلسطینی قیدیوں کیلئے بنائے گئے اسپتال میں قیدیوں کو زنجیروں میں جکڑا گیا ہے جبکہ نہ کوئی معائنہ ہے اور نا کوئی علاج کیا جارہاہ ہے ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی جیلر فلسطینی قیدیوں کو صرف درد کش ادویات دے رہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ اسرائیلی جیل حکام ان قیدیوں کو علاج فراہم نہ کرکے انھیں قتل کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطینی قیدیوں کے علاج معالجے کیلئے اسرائیل حکام نے الرملہ جیل بنایا ہے جس میں خالد شاویش، منصور موقدہ، معتصم رداد، ناھض الاقرع، صالح صالح، رامی مصطفیٰ، جمال زید، محمد صباغ ، سامر العربید، کتیبہ الشاویش، احمد سعادہ، احمدزھران، چار دیگراسیران ایاد رضوان، سامر ابو دیاک، علیان عمور اور احمد ابو خضیر زیر علاج ہیں ۔