(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) انسانی حقوق کی تنظیموں نے غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی کی عالمی سطح پر آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے خلاف اسرائیل سنگین جرائم کا مرتکب ہے۔
انسانی حقوق مرکز کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے بے رحمی کے ساتھ فلسطینیوں کو تباہ کن بمباری سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دیر البلح کے مقام پر ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوئے، اسرائیلی بمباری سےخواتین اور بچوں سمیت 26 شہری شہید ہوئے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صہیونی ریاست نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال جاری رکھے ہوئے ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم نے غزہ کی پٹی میں نہتے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کی بین الاقوامی سطح پر جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ 1949ء کے جنیوا معاہدے کی سنیگن خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور فلسطینی شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرائے۔
خیال رہے کہ منگل سے جمعرات کے درمیان اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 35 فلسطینی شہید اور ایک سو سےزاید زخمی ہوئے ہیں